مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع تشخیص مصلحت نظام کے رکن محسن رضائی نے کہا کہ مقاومت نے صہیونی حکومت کے حملوں کا بھرپور مقابلہ کرکے غزہ میں شاندار کامیابی حاصل کی۔ یہ کامیابی پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی اسرائیلی کے خلاف اپنی تمام دفاعی صلاحیتوں کا استعمال نہیں کیا، بلکہ ضرورت کے مطابق مرحلہ وار اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی چند ماہ پہلے ہونی چاہیے تھی، لیکن... نتن یاہو نے سوچا کہ مزاحمت شکست کھا جائے گی۔ تاہم، یہ مزاحمت 15 ماہ تک جاری رہی اور امت مسلمہ نے فتح حاصل کی۔ غزہ نے اپنی مزاحمت کے ذریعے پوری امت مسلمہ کا دفاع کیا، اور آج امت اسلامی غزہ کی مزاحمت کی احسان مند ہے۔
محسن رضائی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی جنگ کو ایران سے جوڑنے کی کوشش بے بنیاد ہے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اسرائیل کا غزہ کے خلاف جنگ کا مقصد صیہونی ریاست کے تحفظ کو یقینی بنانا تھا۔
رضائی نے کہا کہ یہ جنگ امریکہ اور چین کے درمیان جاری تنازع کا حصہ ہے۔ آج امریکہ مغربی ایشیا کے تیل کے وسائل پر قابض ہوچکا ہے اور چین کے ساتھ مسابقت کے لیے منصوبہ بندی کررہا ہے۔ آج امریکہ پاناما نہر پر قبضہ کرنے کی بات کررہا ہے، جو اس کے عالمی تسلط کے عزائم کا ایک اور ثبوت ہے۔
محسن رضائی نے شام کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شام کو متحد اور آزاد رہنا چاہیے۔ امریکیوں نے مشرقی شام میں اپنی موجودگی کو مضبوط کیا ہے، ترکی شمالی علاقے میں قابض ہے، اور اسرائیل جنوبی شام میں موجود ہے۔آئندہ سالوں میں آپ دیکھیں گے کہ حالات کس طرح بدلیں گے۔ میری رائے میں، ملت شام بہت جلد مقاومت کا حصہ بنے گی۔
رضائی نے مزید کہا کہ ایران شام کی خودمختاری اور آزادی کے لیے کوشاں ہے۔ شام میں ایک جامع حکومت قائم ہونی چاہیے جس میں تمام گروہوں کی نمائندگی ہو تاکہ ملک میں حقیقی اتحاد اور استحکام ممکن ہو۔
آپ کا تبصرہ